وضو کی سنتیں
وضو کی سنتیں
وضو میں اٹھارہ(۱۸)سنتیں ہیں۔ان کو ادا کرنے سے کامل طریقے سے وضو ہوجائے گا۔
وضو کی نیت کرنا۔ مثلاً یہ کہ میں نماز کے مباح ہونے کے لیے وضو کرتا ہوں۔[1
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھ کر وضو کرنا۔ بعض روایات میں وضو کی بِسْمِ اللہِ اِس طرح سے آئی ہے: بِسْمِ اللہِ الْعَظِیْمِ وَالْحَمْدُلِلہِ عَلٰی دِیْنِ الْاِسْلَامِ[2]؎ اور بعض روایات میں اس طرح بھی ہے: بِسْمِ اللہِ وَالْحَمْدُلِلہِ ۔
اور وضو کے دوران یہ دُعا پڑھنا مسنون ہے
اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ ذَنْۢبِیْ وَوَسِّعْ لِیْ فِیْ دَارِیْ وَبَارِکْ لِیْ فِیْ رِزْقِیْ [3
ترجمہ: اے اللہ! میرے گناہوں کو معاف کردے اور میرے گھر کو وسیع کردے اور میرے رزق میں برکت عطا فرما۔
دونوں ہاتھوں پہنچوں تک دھونا۔[4
مسواک کرنا، اگر مسواک نہ ہو تو اُنگلی سے دانتوں کو ملنا۔[5
تین بار کلّی کرنا۔[6
تین بار ناک میں پانی ڈالنا اور تین بار ناک چھنکنا۔[7
کلّی اور ناک میں پانی چڑھانے میں مبالغہ کرنا اگر روزہ نہ ہو۔[8
ہر عضو کو تین بار دھونا۔[9
چہرہ دھوتے وقت داڑھی کا خلال کرنا۔[10
فائدہ:داڑھی میں خلال کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ تین بار چہرہ دھونے کے بعد ہتھیلی میں پانی لے کر ٹھوڑی کے پاس تالو میں ڈالے اور داڑھی کا خلال کرے اور کہے
ہٰکَذَاۤ اَمَرَنِیْ رَبِّیْ
ہاتھوں اور پیروں کو دھوتے وقت اُنگلیوں کا خلال کرنا۔[11
ایک بار تمام سر کا مسح کرنا۔[12
سر کے مسح کے ساتھ کانوں کا مسح کرنا۔[13
اعضاءِ وضو کو مَل مَل کر دھونا۔[14
پے در پے وضو کرنا۔[15
ترتیب وار وضو کرنا۔[16
داہنی طرف سے پہلے دھونا۔[17
سر کے اگلے حصے سے مسح شروع کرنا۔[18
گردن کا مسح کرنا۔ حلق کا مسح نہ کرے، یہ بدعت ہے۔[19
وضو کے بعد کلمہ شہادت اَشہَدُ اَنْ لَّآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہٗ لَاشَرِیْکَ لَہٗ وَاَشْہَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ پڑھ کر یہ دعا پڑھیں
اَللّٰھُمَّ اجْعَلْنِیْ مِنَ التَّوَّابِیْنَ وَاجْعَلْنِیْ مِنَ الْمُتَطَہِّرِیْنَ [20
ترجمہ: اے اللہ! تو مجھے بہت توبہ کرنے والوں میں اور خوب پاکی حاصل کرنے والوں میں شامل فرما۔
فائدہ: اِس دُعا کے متعلق مرقاۃ شرح مشکوٰۃ میں مُلّا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ وضو ظاہری طہارت ہے۔ اس دُعا سے باطنی طہارت کی درخواست پیش کی گئی ہے کہ اوّل اِختیاری تھی وہ ہم کرچکے ہیں، اب آپ اپنی رحمت سے ہمارے باطن کو بھی پاک فرمادیجیے۔